اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):نویں بیگم کلثوم سیف اللہ خان نیشنل رینکنگ ٹینس چیمپئن شپ میں عقیل خان نے مینز سنگل ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے زیر اہتمام9ویں بیگم کلثوم سیف اللہ خان نیشنل رینکنگ ٹینس چیمپئن شپ پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس اسلام آباد میں اختتام پذیر ہو گئی۔
مینز سنگلز کے فائنل میں عقیل خان نے محمد شعیب کو6-2اور6-4سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا،بوائز سنگلز انڈر 14 فائنل میں عبدالباسط نے محمد حسن عثمانی کو5-7,6-1,6-1سے زیر کر کے ٹائٹل حاصل کیا، بوائز سنگلز انڈر 12 فائنل میں شایان آفریدی نےراشد علی باچہ خانی کو4-0اور4-2 سے مات دی اور انڈر 12 کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔ ایونٹ کی اختتا می تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان میں جمہوریہ چیک کے سفیر لاڈیسلاو سٹین ہوبل تھے۔اسد سیف اللہ خان اختتامی تقریب کے مہمان اعزاز تھے۔
اس موقع پرانور سیف اللہ خان، جاوید سیف اللہ خان، سینیٹر فرحت اللہ بابر، ڈاکٹر محمد طاہر، ڈی آئی جی محمد سلیم مروت ، پی ٹی ایف کے سیکرٹری کرنل( ر)گل رحمان، کھلاڑیوں، کوچزاور والدین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ اس موقع پرپاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف )کے صدر سینیٹر سلیم سیف اللہ خان نے ایونٹ کو انتہائی احسن طریقے سے منعقد کرنے پر پی ٹی ایف انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔ پی ٹی ایف کے صدر نے ایونٹ کی کوریج پر میڈیا کا بھی شکریہ ادا کیا۔سیف گروپ آف کمپنیز نے ایونٹ کو سپانسر کیا، چیمپئن شپ کی نگرانی شہزاد اختر علوی آئی ٹی ایف وائٹ بیج ریفری نے کی۔