پشاور۔ 28 جولائی (اے پی پی):نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ ہال پشاور صدر سے جمعہ کو پرامن طریقے سے برآمد ہوا ۔اس دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔ جلوس کے شرکاء حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور دیگر شہدائے کربلا کو شاندار خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے نوحہ خوانی کے ساتھ سینہ کوبی اور زنجیر زنی کرتے رہے۔
عزاداران مخصوص راستے بشمول صدر روڈ، کالاباڑی، فوارہ چوک سے گزرے اور فوارہ چوک کے قریب نماز ظہر ادا کی۔جلوس کے راستے میں پانی کے ٹینک (سبیل) کا انتظام کیا گیا تھا جلوس سے قبل عزاداران سے خطاب کیا گیا۔ ان کے علمائے کرام نے نویں عاشورہ کی اہمیت اور اسلام کی سربلندی کے لیے حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور دیگر شہدائے کربلا کی بے مثال قربانیوں پر خصوصی خطبہ دیا۔
انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کے افکار، تعلیمات اور اصول نوع انسانی کے لیے مشعل راہ ہیں حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور ان کے خاندان کے افراد نے اسلام کے عظیم الٰہی دین کے دفاع اور سربلندی کے لیے کربلا میں شدید گرمی میں جانیں نچھاور کر دیں۔
انہوں نے کہا مشائخ اور علمائے کرام کے کندھوں پر بڑی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں کہ وہ معاشرے میں امن، بھائی چارے، شائستگی اور رواداری کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔اسموقع پر پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری جلوس کی حفاظت کے لیے تعینات تھی600 پولیس اہلکاروں کے علاوہ مرکزی عمارتوں پر اسنائپرز پولیس کو سکیورٹی کے لیے تعینات کیا گیا تھا۔
ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل سٹاف اور ایمبولینس سروس کے علاوہ ریسکیو 1122 کا عملہ عزاداروں کے ہمراہ تھا جبکہ ٹی ایم اے کے اہلکاروں نے سوگواروں کو پانی فراہم کیا۔