پشاور۔ 05 جولائی (اے پی پی):سی سی پی او پشاور قاسم علی خان نے ہفتہ کو نویں محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے کینٹ اور سٹی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایس ایس پی آپریشنز مسعود احمد، ایس پی سٹی عتیق شاہ خان،ایس پی کینٹ اعتزاز عارف اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔
پولیس افسران نے سکیورٹی انتظامات کے بارے میں سی سی پی او کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر پر سی سی پی او پشاور قاسم علی خان نے کہا کہ ضلع بھر میں سکیورٹی پلان کے مطابق فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں، تمام داخلی وخارجی راستوں کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے، شہر کے اہم مقامات پر سپشل ناکہ بندیاں قائم کی گئی ہیں، ماتمی جلوسوں کے فرنٹ و رئیر پر خصوصی دستے اور جیمرز لگائے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام روٹس کو بی ڈی یو، سنیفر ڈاگ کے ذریعے چیک کیا جارہا ہے کنٹرول سنٹر میں سی سی ٹی وی اور ڈرون کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کی سکیورٹی کےلئے مختلف یونٹس فرائض سرانجام دے رہے ہیں، شہر کے اہم مقامات پر بکتر بند گاڑیوں کے ساتھ ساتھ پولیس گشت میں اضافہ کیا گیا ہے۔