اسلام آباد۔16اپریل (اے پی پی):بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) جلد ہی 90 لاکھ مستحق خواتین کے براہ راست بینک اکاؤنٹس کھولنے کے اقدام کا آغاز کررہا ہے جو مستحق خواتین کی باعزت طریقے سے مالی خودمختاری اور رقوم کی تقسیم میں شفافیت کی جانب ایک اہم پیش رفت کو یقینی بنائے گا۔ چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے سٹیٹ بینک آف پاکستان کے ڈپٹی گورنر سلیم اللہ اور سیکرٹری عامر علی احمد کے ہمراہ بی آئی ایس پی ہیڈ کوارٹر میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران کہا، "یہ اقدام ایک گیم چینجر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ "ہمارے مستحقین کی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیح ہے اور یہ کوشش بی آئی ایس پی کے تحت لاکھوں خواتین کی معاشی خودمختاری کو یقینی بنائے گی۔اجلاس کے دوران ملک بھر کے سات اضلاع میں بینک اکاؤنٹ کھولنے کے پائلٹ منصوبے کے آغاز کو حتمی شکل دی گئی۔ سینیٹر روبینہ خالد نے اس بات پر زور دیا کہ یہ اقدام پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں خواتین کے کردار کو مضبوط کرنے کے لیے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کی عکاسی کرتا ہے۔بی آئی ایس پی کے سیکرٹری عامر علی احمد نے اس اقدام کو کامیاب بنانے کیلئے آگاہی مہم کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا، "یہ ایک اہم اقدام ہے اور ہمارے تمام فیلڈ دفاتر کو اس منصوبے پر عملدرآمد کرنے میں تیار رہنا چاہیے۔سٹیٹ بینک کے ڈپٹی گورنر جناب سلیم اللہ نے اس اقدام کی کامیابی کے لئے سسٹم انٹیگریشن، ویب پورٹلز اور ایس ایم ایس کے ذریعے ڈیٹا میچنگ اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان ہم آہنگی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ ڈی جی سی ٹی انعام اور سی ٹی او معمر قریشی نے بھی اجلاس میں شرکت کی اور اس اہم اصلاحاتی اقدام کی حمایت کے لئے اپنے محکموں کی تیاری کا اعادہ کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=582707