لاہور۔4نومبر (اے پی پی):لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے نو مئی واقعات میں پولیس تھانہ شادمان کو نذرِ آتش کرنے اور جلا ئوگھیرا ئوکے درج مقدمے میں گرفتار پی ٹی آئی رہنمائوں شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد ،اعجاز چوہدری، عمر سرفراز چیمہ اور میاں محمود الرشید کے خلاف کیس کی سماعت 7 نومبر تک ملتوی کردی جبکہ عدالت نے ملزمان کے خلاف زمان پارک اور مغلپورہ میں پولیس کی گاڑیاں جلانے کے مقدمات میں سماعت11 نومبر تک ملتوی کر دی،
انسدادِ دہشتگردی عدالت کے ایڈمن جج منظر علی گل نے سینٹرل جیل کوٹ لکھپت میں سماعت کی،سوموار کو سماعت پر پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی، عمر سرفراز چیمہ، ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمودالرشید کو عدالت میں پیش کیا گیا اور ان کی حاضری لگائی گئی جبکہ برضمانت ملزمان خدیجہ شاہ ،عالیہ حمزہ،صنم جاوید اور روبینہ جمیل سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے،عدالت نے آئندہ سماعت پر تھانہ شادمان نذر آتش کیس میں گواہان کو شہادت کیلئے طلب کر لیا،عدالت نے تفتیشی افسران کو حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر ان دو مقدمات میں ملزمان کو چالان کی کاپیاں دی جائیں گی اور تفتیشی افسران چالان کی نقول تیار کرکے لائیں۔