نو مئی کو شر پسندی کیلئے بیرونی سازش کے ثبوت موجود ہیں،ریاستی اداروں کو پی ٹی آئی کے بیرونی رابطوں کا مکمل علم ہے،وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف

73
میاں جاوید لطیف
آج بھی دہشتگردوں کیلئےخیبرپختونخوا حکومت کے وسائل استعمال ہو رہے ہیں ،جاوید لطیف کی پریس کانفرنس

لاہور۔1جون (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ 9 مئی کو شر پسندی کیلئے بیرونی سازش کے ثبوت موجود ہیں، ریاستی اداروں کو پی ٹی آئی کی بعض با اثر خواتین کے بیرونی رابطوں کا مکمل علم ہے،ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے والے محمد نوازشریف کو سازش کے تحت تاحیات نااہل کیا گیا، پی ٹی آئی کے دور حکومت میں خواتین کے ساتھ کئی بار بدسلوکی کی گئی، 9،10 مئی کے واقعات میں ملوث شرپسندوں کے خلاف قانونی کارروائی کیلئے ثبوت موجود ہیں ، آئندہ شرپسندی کے واقعات سے بچنے کیلئے 9،10مئی کے ماسٹر مائنڈ کو کیفر کردار تک پہنچانا ہو گا، ان واقعات میں ملوث کرداروں کو اگر قرار واقعی سزا نہ دی گئی تو مستقبل میں اس سے بڑا سانحہ ہو سکتا ہے۔وہ جمعرات کو پارٹی آفس ماڈل ٹائون میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

وفاقی وزیر جاوید لطیف نے کہا کہ اب مجرم کو کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا تاکہ آئندہ کوئی ایسا کرنے کی جرات نہ کر سکے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کا تحفہ دینے والے محمد نوازشریف کیلئے کیوں بیرون ملک سے کوئی خط نہیں آیا ، محمد نوازشریف کو پاکستان کو ترقی کی پٹڑی پر چڑھانے کی وجہ سے ہٹایا گیا جبکہ عمران خان کو ملکی ترقی کا پہیہ روکنے کی وجہ سے اقتدار سے الگ کیا گیا۔ لہذا محمد نوازشریف اور عمران خان کے درمیان موازنہ نہیں کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ پچھلے چند ہفتوں سے بات چل رہی ہے کہ 9 مئی کا واقعہ اندرونی سازش تھی یا بیرونی ، تو سب کو پتہ ہونا چاہیئے کہ یہ واقعات اندرونی سازش بھی تھی اور بیرونی سازش بھی۔

پاکستان کے ریاستی اداروں کے پاس اس میں بیرونی ہاتھ ملوث ہونے کے ثبوت موجود ہیں اور پوری منصوبہ بندی کی گئی کہ عمران خان کی گرفتاری پر کن تنصیبات کو ٹارگٹ کیا جائے گا،اگرممنوعہ فنڈنگ کیس پایہ تکمیل تک پہنچتا تو9 مئی کا سانحہ پیش نہ آتا۔میاں جاوید لطیف نے کہا کہ کوئی بتائے گا کہ 35 با اثر خواتین کس طرح ہجوم کو لیکر پہنچیں،ریاستی اداروں کے علم میں ہے کہ 30سے35با اثر خواتین زمان پارک سے وہاں گئیں،کسی بھی خاتون کے ساتھ بدسلوکی جرم ہے لیکن کوئی عورت دہشت گردی کرے تو کیا سزا نہ دیں؟جو کہتے ہیں کہ انسانی حقوق کی آڑ میں چھوڑ دیا جائے انہیں یہ حقوق تب کیوں یاد نہیں آئے جب خواتین کو جیل میں رکھ کر کیمرے لگائے جاتے تھے ،جب کسی کی ماں بیٹی کو موت کی چکی میں رکھا جاتا تھا،کیا خواتین کوئی جرم کریں تو اس کو سزا نہیں ملنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ایک سابق چیف جسٹس کے بیٹے کو بھی آڈیو کی تحقیقات سے بچنے کی سہولت دی گئی ۔آج مختلف آڈیو پر یقین نہیں مگر ملک قیوم کی آڈیو پر یقین کر لیا تھا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اب مجرم کو بچانے کے لئے بیرونی ممالک سے آوازیں اٹھ رہی ہیں،ان ممالک سے پوچھا جانا چاہیے کہ یہ بات کیوں کر رہے ہیں ؟کیا کبھی سی پیک کا تحفہ دینے والے قائد کے لئے بھی خط آیا،جب نواز شریف کو مائنس کرنے کی کوشش کی گئی تو کیا کسی نے آواز اٹھائی۔انہوں نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس قومی سانحہ تھا،ہمیشہ سے ریاست پر لوگ قربان ہوتے آئے ہیں،آج پوچھا جانا چاہیے کہ 9 اور 10 مئی کے مرکزی کردار پر کیوں ہاتھ نہیں ڈالا جا رہا ۔اگر9 اور 10 مئی کے کرداروں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے تو 2017 کے کردار خود ختم ہو جائیں گے ۔

جاوید لطیف نے کہا کہ جو عمران خان کو مائنس کرنے کا موازنہ نواز شریف سے کرتے ہیں وہ غلط ہیں، نواز شریف کو ملک کی ترقی کی وجہ سے ہٹایا گیا تھا ۔ریاست پر ہزاروں حکومتیں قربان، ریاست ہو گی تو حکومت ہوگی ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کسی سیاسی جماعت پر پابندی نہیں لگنی چاہیے تاہم اگر کوئی دہشگردی میں ملوث ہو اس کے خلاف قانونی کارروائی ہونی چاہیے ۔