مظفرگڑھ۔ 13 ستمبر (اے پی پی):پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہر سیاسی جماعت کو لیول پلیئنگ فیلڈ دی جانی چاہیے،نو مئی کے حملوں میں ملوث جماعت سے مذاکرات نہیں ہوسکتے جس نے عوام اور اداروں میں دوریاں پیدا کرنے کی کوشش کی،نالائق اور نااہل سابق وزیراعظم کے دور میں امور خارجہ کا بحران پیدا کیا گیا۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے نواحی علاقے ٹھٹھہ سیالاں میں سابق وزیر مملکت مہر ارشاد احمد سیال کے بھائی مہر ابوبکر سیال کے انتقال پر اظہار تعزیت کے موقع پر اجتماع سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ پیپلزپارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کرے گی،انکی اپنی ذاتی خواہش یہ ہے ہر حلقے میں پیپلزپارٹی کا تیر مقابلہ کرے،پاکستان شدید معاشی بحران سے دوچار ہے،جس کا حل کوئی ایک سیاسی جماعت نہیں نکال سکتی،9 مئی کو جنہوں نے اداروں پر حملے کیے اور عوام اور اداروں میں نفرتیں پھیلانے کی کوشش کی،الیکشن میں پیپلز پارٹی نے مقابلہ کرکے ایسے لوگوں کا ہرانا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے پیپلزپارٹی کے نمائندوں کو مخاطب کرکے کہا کہ وہ الیکشن کے مقابلے سے نہ ڈریں،عوام کے سامنے پیپلزپارٹی کا منشور اور کارکردگی رکھیں اور لوگوں کو آگاہ کریں کہ پیپلز پارٹی کی کردارکشی اس لیے کی گئی تاکہ سلیکٹڈ حکومتوں کو مسلط کیا جاسکے۔پیپلزپارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ ملک کے موجودہ معاشی بحران کا حل صرف قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو اور بےنظیر بھٹو کے منشور میں موجود ہے،
پیپلزپارٹی نے الگ جنوبی پنجاب صوبے کے حوالے سے اپنے دور حکومت میں جو کوششیں کیں وہ کامیاب نہیں ہوسکیں،،اگلے انتخابات میں عوام انھیں اتنی نشستیں دیں کہ جنوبی پنجاب کے لوگوں کے لیے ایک الگ صوبہ لے سکیں،بلاول بھٹو زرداری نے مظفرگڑھ کی عوام کا اس بات پر شکریہ ادا کیا کہ عوام نے گزشتہ انتخابات میں ضلع مظفرگڑھ سے 3 اراکین قومی اسمبلی منتخب کروائے،انھوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اگلے انتخابات میں مظفرگڑھ کے شہری پیپلزپارٹی کے 5 اراکین قومی اسمبلی منتخب کروائیں گے۔
اس موقع پر سابق وزیر مملکت مہر ارشاد احمد سیال نے خطاب کرتے ہوئے تعزیت کے لیے آنے پر بلاول بھٹو زرداری،سابق وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ، سابق وزراء اور پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا،ان کا کہنا تھا کہ اسوقت سارے ملک کی نظریں بلاول بھٹو زرداری پر ہیں ۔تقریب میں سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی،سابق وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ،سندھ کے سابق صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن،ناصر شاہ اور مکیش چاؤلہ،سابق وزیر مملکت رضا ربانی کھر،علی موسی گیلانی،سید حیدر گیلانی و دیگر راہنما بھی بلاول بھٹو زرداری کیساتھ موجود تھے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=390175