نو مئی کے واقعات دہشت گردانہ فعل ہے،تحریک انصاف نے دشمن کے ایجنڈے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کی کوشش کی،خواجہ محمد آصف

192

اسلام آباد۔22جون (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ عمران خان ایک فتنہ ہے اور قوم کو اس سے نجات دلانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔9 مئی کے واقعات دہشت گردانہ فعل ہے،تحریک انصاف نے دشمن کے ایجنڈے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کی کوشش کی۔انہوں نے جمعرات کو پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے دشمن کے ایجنڈے کی تکمیل کیلئے پاک فضائیہ کے جہازوں کو تباہ کرنے کی کوشش کی، یہ عزائم تو ملک و قوم کے دشمن کے ہوتے ہیں۔ہمیں 9 مئی کے واقعات کے ذمہ داروں کا تعین کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اس زمانے کا بڑا فتنہ ہے ،جس سے قوم کو نجات دلانا ہو گی۔حکومت ایسے فتنے کے خاتمے کیلئے ہر ممکنہ اقدام کرے گی، یہ اس کی ذمہ داری اور قومی فریضہ ہے۔ملک و قوم کو دہشت گردوں کے رحم و۔کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ دشمن ہماری فضائیہ کے جہاز تباہ کرنے کی خواہش رکھتا ہےتاکہ پاک فضائیہ کو نقصان پہنچا کر ملکی دفاع کو کمزور کرسکے۔

تحریک انصاف نے 9 مئی کو دشمن کے اس ایجنڈے کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش کی۔مگر قوم اور فورسز کا دفاع مظبوط ہے۔ملکی دشمن اور اس کے ایجنٹ اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہو سکیں گے۔