
لاہور۔19مئی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پر ویز اشرف نے کہا ہے کہ جناح ہائوس لاہور اور پشاور ریڈیو سٹیشن سمیت ملک میں قومی سلامتی کے اہم اداروں پر شر پسندوں کےحملے قابل مذمت ہیں، پوری قوم 9 مئی کے واقعہ پر افسردہ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز جناح ہائوس کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ ملک بھر میں ہونے والے 9 مئی کے واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے،ایسے واقعات سے ملک کی بدنامی اور دنیا میں جگ ہنسائی ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپس میں سیاسی اختلافات رکھیں لیکن ملک کو نقصان نہ پہنچائیں، قومی سلامتی اور املاک کو نقصان پہنچانا کسی صورت ملک سے دوستی نہیں،ہر محب وطن اس شر پسند واقعہ کی پر زور مذمت کر رہا ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ میں سوچ بھی نہیں سکتا کہ کوئی محب وطن اپنے ملک اور اداروں کیخلاف اس حد تک جا سکتا ہے، پوری پاکستانی قوم کو بڑا دھچکا لگا ہے، جو لوگ پاکستان میں رہتے ہیں اورجو پاکستانی بیرون ملک قیام پذیر ہیں سب لوگ اس واقعہ پر بہت دکھی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ ان واقعات میں ملوث ہیں انہیں اپنے گریبانوں میں جھانکنا چاہئے اور ان کو سوچنا چاہئے کہ ان سے کتنا قبیح فعل سر زد ہوا ہے،ان کو اللہ سے ،اپنے آ پ سے، پاکستان سے بلکہ پوری قوم سے معافی مانگنا چاہئے اور آ ئندہ کیلئے توبہ کرنی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ9 مئی کا سیاہ دن ہمیں ہمیشہ اس سانحہ کی یاد دلاتا رہے گا،ہم افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے بڑے ضبط کے ساتھ صبرو تحمل کا مظاہرہ کیا ،ورنہ ملک میں ایسے حالات پیدا ہو جاتے کہ جن کو کنٹرول کرنا بہت مشکل ہوتا۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان ہماری آئندہ آنے والی نسلوں کی ہمارے پاس امانت ہے،اس طرح کے واقعات سے نہ صرف خود بچیں بلکہ اپنے بچوں کو بھی اس بات کی تعلیم دیں کہ کوئی بھی معاملہ ہو جائے ، کتنی بھی کسی کے خلاف نفرت ہو لیکن پاکستان کے ساتھ آ پ نے محبت کرنی ہے، آپس کے اختلافات ہونے کے باوجود پاکستان کو کوئی نقصان نہیں پہنچانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہی ہمارا سب کچھ ہے، پاکستان ہے تو ہم ہیں،اپنے قومی اور سلامتی کے اداروں کیخلاف اس طرح کے واقعات کوئی دشمن ہی کر سکتا ہے، آج اگر کہیں اس واقعہ پر شادیانے بجائے جا رہے ہیں یا خوشیاں منائی جا رہی ہیں تو وہ ہمارا ازلی دشمن ملک بھارت ہے یا پاکستان کے جو بد خواہ ہیں وہ خوشیاں منا رہے ہوں گے، ورنہ ہر پاکستانی کا دل اس واقعہ پر خون کے آنسو رو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہمیں ا ن حاد ثات سے بچائے،پاکستان سے محبت اور اس کے ساتھ عشق ہی ہماری اصل منزل ہے، اسی میں ہماری بقا ہے اور اسی میں ہماری عزت و وقار ہے۔