اسلام آباد ۔ 2 مئی (اے پی پی) گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال 2015-16ءمیں ابتدائی نو ماہ کے دوران جنریٹرز کی درآمدات میں 42 فیصد کا اضافہ ہوا ہے ۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان ( پی بی ایس) کے اعدادو شمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے نو مہینوں کے دوران جنریٹرز کی درآمدات کا حجم 139 ارب روپے تک بڑھ گیا جبکہ گزشتہ مالی سال کے دوران 94.5 ارب روپے کی درآمدات کی گئی تھیں۔ رپورٹ کے مطابق رواں سال مارچ کے دوران 15.89 ارب روپے مالیت کے جنریٹر درآمد کئے گئے ہیں جبکہ مارچ 2015ءمیں 8.56 ارب روپے کی درآمدات کی گئی تھیں اس طرح مارچ 2015ءکے مقابلہ میں مارچ 2016ءکے دوران درآمدات میں 86فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے تاہم فروری 2016ءکے مقابلہ میں مارچ 2016ءکے دوران درآمدات مےں 5 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔