واشنگٹن۔12جنوری (اے پی پی):نو منتخب امریکی صدر جو بائیڈن کی 20 جنوری کو ہونے والی افتتاحی تقریب کا مرکزی خیال امریکہ یونائیٹد رکھا گیا ہے۔صدارتی افتتاحی کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ کے چھیالیسویں صدر کے دور کے آغاز کے لیے یہ تھیم اس لیے منتخب کیا گیا ہے کیونکہ اس وقت ملک کو ایک بحران اور منقسم سوچوں کا سامنا ہے۔امریکہ یونائیٹد اس بات کی عکاسی کرے گا کہ اس افتتاح سے امریکہ ایک ایسے نئے قومی سفر کا آغاز کر رہا ہے جو امریکہ کی روح کو بحال کرے گا، لوگوں کو یکجا کرے گا اور ایک روشن مستقبل کی جانب راستہ استوار کرے گا۔کمیٹی نے کہا کہ اس وقت امریکی اپنی تاریخ کے ایک مشکل ترین دور میں رہ رہے ہیں،کورونا وائرس کی وبا کے باعث 3 لاکھ 70 ہزار افراد اپنی جانیں کھو بیٹھے ہیں اور لاکھوں لوگ اس عالمی وبا کی پیدا کردہ معاشی تباہی کی وجہ سے تکلیفیں جھیل رہے ہیں۔کمیٹی نے کہا کہ بائیڈن اور نو منتخب نائب صدر کملا ہیرس کی افتتاحی تقریب امریکی قوم کی مشکلات کے سامنے پھر سے ابھرنے، بہادری اور متحد ہونے کےجذبے کی غماز ہو گی تاکہ قوم کو صحت یا ب کیا جائے اور از سر نو اس کی تعمیر کی جائے اور ملک پھر سے متحدہ امریکہ بن کے ایک ناقابل شکست قوت کے طور پر سامنے آئے۔۔ صدر افتتاحی تقریب کے بعد آرلنگٹن سیمیٹری جائیں گے جہاں وہ نامعلوم سپاہی کی قبر پر بھی چادر چڑھائیں گے۔صدر کا کمانڈر ان چیف کی حیثیت سے یہ اولین کام ہو گا۔ اس موقع پر سابق صدر باراک اوباما، مشال اوباما، سابق صدر جارج بش، لارا بش، سابق صدر بل کلنٹن اور ہلری کلنٹن بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔