نکاسی آب کے مسائل سے لوگوں کےلئے سڑکوں اور مارکیٹوں سے گزرنا مشکل ،کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں،ایف سی سی آئی

97
Dr. Sajjad Arshad
Dr. Sajjad Arshad

فیصل آباد ۔ 02 جولائی (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹریز کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجاد ارشد نے کہا ہے کہ نکاسی آب کے مسائل کی وجہ سے جہاں لوگوں کےلئے سڑکوں اور مارکیٹوں سے گزرنا مشکل ہورہاہے وہیں کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔ تاجروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے (جس میں نائب صدرفیصل آباد چیمبرحاجی محمد اسلم بھلی، ایگزیکٹو ممبران شفیق حسین شاہ، شیخ محمد فاضل او ر رانا حبیب الرحمن بھی موجود تھے )ڈاکٹر سجاد ارشد نے کہا کہ بارش سے نشیبی علاقوں کی سڑکوں اور گلیوں میں پانی جمع ہے جس کی وجہ سے معمولات زندگی متاثر ہو رہے ہیں، اندرون شہر جہاں ہر روز اربوں روپے کا کاروبار ہوتا ہے وہاں کئی مقامات پر سیوریج کا پانی کھڑا ہے۔

انہوں نے ڈویژنل کمشنر سلوت سعید اور ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ سے اپیل کی کہ مون سون کے دوران غیر معمولی بارشوں سے اربن فلڈنگ کے خطرات سے نمٹنے کےلئے شہر کی تمام اہم سڑکوں کا از سر نو جائزہ لےکر گرین بیلٹس کو سڑکوں کی سطح سے نیچے کیا جائے تاکہ فالتو پانی سڑکوں پر کھڑا ہونے کی بجائے گرین بیلٹس کے ذریعے جلد زمین میں جذب ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ بعض مقامات پر سٹارم واٹر چینل بھی بنائے گئے ہیں مگر ان سے پانی نکالنے کا مستقل راستہ نہیں دیا گیا جس کی وجہ سے ان میں پانی کھڑا رہتا ہے ،اس سے مچھر اور ڈینگی کے پھیلنے کے شدید خطرات ہیں۔