نگران حکومت ماورائے آئین و قانون کوئی ضابطہ جاری نہیں کرے گی ، مرتضیٰ سولنگی

156
مرتضیٰ سولنگی

اسلام آباد۔6ستمبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ نگران حکومت ماورائے آئین و قانون کوئی ضابطہ جاری نہیں کرے گی۔ بدھ کو یہاں نگران وفاقی وزیر توانائی محمد علی اور سیکریٹری توانائی راشد محمود لنگڑیال کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ نگران حکومت اپنے آئینی مینڈیٹ سے بالاتر کوئی قدم نہیں اٹھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے عناصر میں بجلی چوری سب سے بڑا عنصر ہے، ہر سال 589 ارب روپے کی بجلی چوری ہوتی ہے۔

توانائی کے شعبہ میں اصلاحات وقت کی ضرورت ہے۔ نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج کی پریس کانفرنس بجلی چوری سے متعلق ہے جبکہ بجلی کے بلوں میں اضافے کے پیچھے دیگر عوامل کے بارے میں مزید میڈیا بریفنگز دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت آنے والے دنوں میں بجلی کے صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سے متعلق بھی میڈیا کو آگاہ کرے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کسی وزیر کو مفت بجلی فراہم نہیں کی جا رہی۔ اس موقع پر پرنسپل انفارمیشن آفیسر اور ایم ڈی اے پی پی محمد عاصم کھچی بھی موجود تھے۔