اسلام آباد۔2اگست (اے پی پی): وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی ،اصلاحات وخصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہاہے کہ الیکشن سے فرار کسی صورت ممکن نہیں ، نگران سیٹ اپ کے لیے مشاورت کا عمل جاری، الیکشن کمیشن انتخابات کے شیڈول کا اعلان کرے گا، صوبوں کی طرف سے مردم شماری پرسست رفتاری سے کام ہوا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہاکہ انتخابات کے انعقاد کے لیے حتمی اتھارٹی الیکشن کمیشن ہے،2018 کے الیکشن کے وقت بھی اسی طرح کا مسئلہ درپیش تھا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت درپیش مسائل کو الیکشن کمیشن نے آئین کی روشنی میں حل کرنا ہے۔ الیکشن سے فرار کسی صورت ممکن نہیں ہے ،یہ ہمارے ملک کی ضرورت ہے۔ نگران سیٹ اپ آئے گا،اس کے بعد الیکشن کمیشن الیکشن کے شیڈول کا اعلان کرے گا۔
انہوں نے کہاکہ صوبوں کی طرف سے بار بار وقت مانگنے پر مردم شماری میں تاخیر ہوئی۔ صوبوں کو مردم شماری کے لیے مزید وقت نہ دیتے تو صوبے گلہ کرتے۔نگران حکومت جتنی بھی قابل ہو بے یقینی کا تاثر رہے گا۔آگے کے مراحل کا فیصلہ الیکشن کمیشن آئین کے مطابق کرے گا۔انہوں نے کہا کہ نگران سیٹ اپ کے لیے مشاورت کا عمل جاری ہے۔ حکومت ختم ہونے سے قبل دو تین روز تک معاملہ حل ہوجائے گا۔ حکومت کے پاس پانچ سا ل کا مینڈیٹ ہو تو اصلاحات کرسکتی ہے۔