نگران صوبائی وزیر جسٹس ریٹائر ارشاد قیصر کا نوشہرہ سب جیل کا دورہ

85

پشاور۔ 29 اکتوبر (اے پی پی):نگران صوبائی وزیر برائے سوشل ویلفیئر، زکوۃ اور جیل خانہ جات جسٹس ریٹائر ارشاد قیصر نے نوشہرہ سب جیل کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے جیل انتظامیہ سے ملاقات کی اور قیدیوں سے جیل کی انتظامی صورتحال کے بارے میں پوچھا۔ انہوں نے نوشہرہ سب جیل کے مختلف قیدی خانوں اور کچن کا دورہ بھی کیا اور صفائی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔ جسٹس ریٹائرڈ ارشاد قیصر نے نوشہرہ سب جیل کے کھانے پر اطمینان کا اظہار کیا اور ساتھ ساتھ وہاں پر قیدیوں کے رہنے کی کم جگہ اور بڑی تعداد کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ نوشہرہ سب جیل میں 172 قیدیوں کی جگہ ہے جبکہ 522 قیدی رہ رہے ہیں جس وجہ سے نوشہرہ سب جیل میں قیدیوں کی ضرورت سے زیادہ آبادی مسائل کا سبب بن رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نوشہرہ سب جیل کی جگہ کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے کوشش کریں گے اور اس کو مزید جگہ فراہم کریں گے تاکہ قیدیوں کی تعداد کے مطابق جگہ مہیا ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسی طرح خیر پختونخوا کی مختلف جیلوں کے بھی سرپرائز وزٹ کریں گے اور وہاں کے حالات کا بھی جائزہ لیں گے۔ نگران صوبائی وزیر نے کہا کہ جیلوں میں کرپشن اور کسی بھی غلط کام میں ملوث افراد و اہلکاروں کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔