
راولپنڈی۔31دسمبر (اے پی پی):نگران صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر و بہبود آبادی ڈاکٹر جمال ناصر نے بینظیر بھٹو ہسپتال میں قائم نرسنگ ہاسٹل کے ری ویمپنگ کے منصوبہ کا معائنہ کیا، صوبائی وزیر کو منصوبہ کے بارے میں بریفنگ دی گئی، ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ نرسنگ ہوسٹل کی ری ویمپنگ کے منصوبے کا آغاز 2 دسمبر کو کیا گیا تھا اور 64 ملین روپے کی لاگت سے جاری ہونے والا یہ منصوبہ اگست تک مکمل ہو جائے گا، انہوں نے کہا کہ ہاسٹل میں 300 نرسز رہائش پذیر ہیں اور متبادل رہائش مہیا نہ ہونے کی وجہ سے ری ویمپنگ کے منصوبے کو مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا،
انہوں نے منصوبہ پر جاری کام پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ اس منصوبہ کو بروقت مکمل کیا جائے اور اس کے لئے تمام ضروری فنڈز مہیا کئے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ نرسنگ ہوسٹل 112 کمروں پر مشتمل ہے اور پورے ہوسٹل کی ٹائلوں کی تبدیلی کے لئے اضافی 10 ملین روپے مہیا کرنے کے حوالے سے بھی کوشش کی جا رہی ہے ، جمال ناصر نے کہا کہ راولپنڈی میں ہولی فیملی ہسپتال کی تعمیر نو اور مرمت کے دو ارب روپے مالیت کے منصوبے کے علاوہ بینظیر بھٹو ہسپتال اور ڈی ایچ کیو میں بھی مختلف صحت عامہ کے منصوبوں پر کام ہو رہا ہے، انہوں نے کہا کہ گزشتہ دس ماہ کے دوران صوبہ بھر میں صحت عامہ کے کئی اہم منصوبوں پر کام کیا گیا ہے اور وہ اب تکمیل کے مراحل میں ہیں۔