اسلام آباد۔6ستمبر (اے پی پی):نگراں وزیراعظم انوارا لحق کاکڑ کمانڈر (ر ) عابد حسین خان کی رہائش گاہ پر گئے اور گوادر میں پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہید ہونے والے ان کے صاحبزادے لیفٹیننٹ کمانڈر حمزہ عابد کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی اور سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت کیا۔
بدھ کو اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے گوادر میں پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کمانڈر حمزہ عابد کے والدین اور اہلخانہ سے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کے ہمراہ تعزیت کے لئے ان کے گھر حاضری دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم بحیثیت قوم شہداء کے مقروض ہیں، اللہ تعالیٰ شہید کے درجات بلند فرمائے۔ وزیراعظم نے لیفٹیننٹ کمانڈر حمزہ عابد کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔