لاہور۔31اکتوبر (اے پی پی):نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو بتایاگیا ہے کہ شاہدرہ امامیہ کالونی فلائی اوور کا 70فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے اور یہ منصوبہ دسمبر تک مکمل کر لیا جائے گا۔ منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے لاہور میں زیر تعمیر امامیہ کالونی شاہدرہ فلائی اوور کا دورہ کیا ۔ وزیراعظم کو اس موقع پر منصوبے کی اب تک کی پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ کے دوران وزیراعظم کو بتایا گیا کہ لاہور فیصل آباد ریلوے لائن کے اوپر امامیہ فلائی اوور بنایا جارہا ہے، شاہدرہ امامیہ کالونی فلائی اوور کا 70فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ بریفنگ کے دوران یہ بھی بتایا گیا کہ امامیہ کالونی شاہدرہ فلائی اوور 18ماہ کا پروجیکٹ تھا جو پنجاب حکومت کے تعاون سے ساڑھے 6 ماہ میں مکمل ہو جائے گا، دسمبر 2023 تک یہ منصوبہ مکمل کر لیا جائے گا۔ وزیراعظم نے ترقیاتی منصوبوں کی خاطر خواہ پیشرفت کے لئے پنجاب حکومت کو سراہا۔