
نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس
پی ٹی اے میں ڈائریکٹر جنرل انفورسمنٹ یاور یٰسین کو ممبر ٹیکنیکل اور ڈائریکٹر جنرل لاءچوہدری علی اصغر کو تین ماہ کیلئے ممبر کمپلائنس اینڈ انفورسمنٹ کے طور پر اضافی چارج دینے کی منظوری
اسلام آباد ۔27 جولائی (اے پی پی) نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کی زیر صدارت جمعہ کو وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم آفس میں ہوا۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق کابینہ نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) میں ڈائریکٹر جنرل انفورسمنٹ یاور یٰسین کو ممبر ٹیکنیکل اور ڈائریکٹر جنرل لاءچوہدری علی اصغر کو تین ماہ کیلئے ممبر کمپلائنس اینڈ انفورسمنٹ کے طور پر اضافی چارج دینے کی منظوری دی۔ کابینہ نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد ظریف بلوچ کی بطور جج خصوصی کورٹ (کورٹ آف نارکوٹک سبسٹانسز کوئٹہ) کے طور پر تقرری کی بھی منظوری دی۔ کابینہ نے چیئرمین 8ویں ویج بورڈ کی تقرری کے قواعد و ضوابط کی بھی منظوری دی۔ کابینہ اجلاس میں کیس نمبر 05/2017-FOA-SBC/Karachi کے ٹرائل کی اینٹی ٹیررازم کورٹ کراچی ٹو سے اینٹی ٹیررازم کورٹ اسلام آباد منتقلی کی منظوری بھی دی۔ اجلاس میں فنانس ڈویژن کو کے ٹو، کے تھری منصوبوں کیلئے مقامی قرضے کیلئے لیٹر آف گارنٹی کے اجراءکا اختیار بھی دیا گیا۔ کابینہ نے چارٹرڈ اکاﺅنٹس بائی لاز 1983ءکے بائی لاز 106 اور 124 میں ترامیم کی بھی منظوری دی۔