لاہور۔27اپریل (اے پی پی): نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی سے وزیراعلی آفس میں ایران کے قونصل جنرل مہران مواحد فر نے ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور باہمی تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں چاول، گوشت، آم اور دیگراشیا کی ایکسپورٹ بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ ایرانی قونصل جنرل نے نگران وزیراعلی کوایران کے دورے اور اصفہان میں ہینڈی کرافٹس نمائش میں شرکت کی دعوت دی۔ محسن نقوی نے ایران کے دورے کی دعوت دینے پر ایرانی قونصل جنرل کا شکریہ ادا کیا۔ نگران وزیراعلی محسن نقوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران ثقافتی او رمذہبی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔آنے والے وقت میں دونوں ملکوں میں تعلقات نئی بلندیوں کو چھوئیں گے۔ انہو ں نے کہا کہ اصفہان میں ہونے والی ہینڈی کرافٹس کی نمائش میں پنجاب کا وفد شرکت کرے گا۔ چاول، گوشت،آم اور دیگر اشیا کی ایران کیلئے ایکسپورٹ بڑھانے کیلئے وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر ممکنہ اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ایگریکلچراینڈ میٹ کمپنی سے متعلق ایشوز کو جلد حل کیاجائے گا۔ ایرانی قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقا ت ہیں اور ان تعلقات کو درخشاں اور تابناک دیکھتے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ ایران میں 60فیصد چاول پاکستان سے آتے ہیں۔ چاول، گوشت، آم اور دیگر اشیا میں دو طرفہ تجارت بڑھانے کی بڑی گنجائش ہے۔ محسن نقوی نے رمضان المبارک میں کھجور اور دیگر پھلوں کے ٹرک پاکستان بھجوانے پر ایرانی قونصل جنرل کا شکریہ ادا کیا۔ کمشنر لاہور ڈویژن او رچیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ بھی اس موقع پر موجود تھے۔\932