نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ سے گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ کی ملاقات

243

اسلام آباد۔15اگست (اے پی پی): نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ سے گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے ملاقات کی۔ منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیاو نگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں گورنر گلگت بلتستان نے نگران وزیرِ اعظم کو وزارتِ عظمی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ملاقات میں گورنر گلگت بلتستان نے کہا کہ بلوچستان سے نگران وزیرِ اعظم کا انتخاب وفاق کو مضبوط کرے گا۔وزیرِ اعظم نے گورنر گلگت بلتستان کا نیک خواہشات پر شکریہ ادا کیا۔گورنر گلگت بلتستان نے وزیرِ اعظم کو گلگت بلتستان کے دورے کی دعوت اور قانون ساز اسمبلی میں خطاب کی دعوت دی۔

گورنر گلگت بلتستان نے وزیرِ اعظم کو گلگت میں جاری ترقیاتی منصوبوں بشمول انفراسٹرکچر کے منصوبے اور قراقرم یونیورسٹی پر پیش رفت سے آگاہ کیا اور انہیں افتتاح کی دعوت بھی دی۔