نگران وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی کا صدر مملکت پر آئینی کردار ادا کرنے پر زور

93
Murtaza Solangi
Murtaza Solangi

اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):نگراں وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی پر زور دیا ہے کہ وہ کسی مخصوص سیاسی جماعت کے لیے جانبداری ظاہر ہونے والےبیانات دینے کی بجائے اپنا آئینی کردار ادا کریں۔نجی ٹیلی ویژن چینل کے کرنٹ افیئر پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ایک رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہے جس کے ترجمانوں کی ایک بڑی تعداد ہے جو اپنی بات کہنے کے لیے ہر طرح کےوسائل استعمال کر رہی ہے۔

صدرمملکت کو ایسے بیانات نہیں دینے چاہئیں جو کسی مخصوص سیاسی جماعت کے لئے ان کے”تعصب” کو ظاہر کرتے ہوں۔صدر مملکت کی جانب سے نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کو لیول پلےنگ فیلڈ کے حوالے سے لکھے گئے خط کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پی ٹی آئی دور حکومت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر کتنی بار سابق وزیر اعظم عمران خان کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا؟ انہوں نے یاد دلایا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں صحافیوں کو اغوا کیا گیا اور ان پر حملے کیے گئے، اپوزیشن رہنماؤں کو جھوٹے مقدمات میں گرفتار کیا گیا اور میڈیا پر پابندیاں لگائی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو روکنے کے لیے قومی اسمبلی کو غیر قانونی طور پر تحلیل کیا گیا۔ صدر کا آئینی فریم ورک میں وفاق کی علامت کا کردار ہے اور انہیں آئین کے مطابق اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق صدر مسلح افواج کے سپریم کمانڈر ہیں، 9 مئی کو جب حساس تنصیبات پر حملہ ہوا تو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کوئی کارروائی کیوں نہیں کی؟ انہوں نے اس سلسلے میں کتنے خطوط لکھے؟ایک سوال پرانہوں نے پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب سے کہا کہ وہ انہیں اپنے آئینی فرائض پر لیکچر دینے سے گریز کریں۔انہوں نے کہا کہ اگر کسی جماعت یا فرد کو انتخابات میں لیول پلینگ فیلڈ کے حوالے سے کوئی شکایت ہے تو وہ عدالتوں اور الیکشن کمیشن سے رجوع کرسکتے ہیں۔

جو ملک میں آزادانہ طور پر کام کر رہے ہیں۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نگران حکومت اپنے دائرہ اختیار میں اور آئین اور قانون کے مطابق تمام شکایات کا ازالہ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن ملک میں شفاف، آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کرانے کا ذمہ دار ہے۔