کوئٹہ۔ 29 نومبر (اے پی پی):نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی سے بدھ کو یہاں جمہوریہ ایران کے سفیر رضا امیری نے ملاقات کی اور ان سے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ایرانی سفیر سے بات چیت کرتے ہوئے نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دونوں ملکوں اور پاک ایران بارڈر پر سیکورٹی اور تجارتی امور سے متعلق عوام اور تجارت پیشہ افراد کو درپیش مسائل اور مشکلات کے حل کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے اور وفاق سے متعلق امور میں وفاقی حکومت سے بات کی جائے گی، بلوچستان اور سیستان کے تاجروں کے مابین تجارتی روابط کے فروغ اور درپیش مسائل کے حل کیلئے وفود کا تبادلہ کیا جائے گا ۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی سفیر نے جن مشکلات کا ذکر کیا ہے ان کے حل کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ ملاقات کے اختتام پر نگراں وزیر اعلٰی بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی اور جمہوریہ ایران کے سفیر رضا امیری نے روایتی تحائف اور سوئینر کا تبادلہ کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=415024