نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان کاکوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت مختلف ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ

94
Chief Minister of Balochistan
Chief Minister of Balochistan

کوئٹہ۔ 23 نومبر (اے پی پی):نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے جمعرات کو کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت مواصلاتی شعبہ میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا نگران وزیر اعلیٰ اسپینی روڑ، سریاب روڑ، لنک بادینی روڑ، ریڈیو ٹاور روڑ، ویسٹرن بائی پاس اور اسکمب روڑ منصوبوں کی تعمیراتی سائٹس پر گئے جہاں انہیں پراجیکٹ ڈائریکٹر کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج رفیق بلوچ نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ منصوبوں کے لئے منظور شدہ فنڈز کا اجراء بلا تاخیر ہورہا ہے جس کی بدولت منصوبوں پر کام تیز کردیا گیا ہے اور تمام منصوبے تکمیل کی جانب گامزن ہیں

نگرا ن وزیر اعلیٰ میر علی مردان خان ڈومکی نے سی ایم کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج پر کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا انہوں نے کہا کہ فنڈز کے اجراء کے باوجود سڑکوں کی تعمیر میں کوئی سست روی قابل قبول نہیں، این ایچ اے مقررہ مدت میں اپنا کام مکمل کرے ،انہوں نے ہدایت کی کہ سبزل روڑ کے بعض حصوں پر رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے پی اینڈ ڈی پراجیکٹ حکام اور این ایل سی مل بیٹھ کر حل تلاش کریں ، ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری رکھا جائے اور تصفیہ طلب معاملات باہمی افہام و تفہیم سے اسٹیرنگ کمیٹی کے ذریعہ حل کئے جائیں،

میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ اسکمب روڑ توسیع منصوبہ نہایت اہمیت کا حامل ہے اس منصوبے کی تکمیل سے وسط شہر میں ٹریفک کے مسائل بڑی حد تک حل ہو جائیں گے پراجیکٹ کے تحت تجویز کردہ سپیشل ٹریفک پولیسنگ بے ہنگم ٹریفک کو منظم کرنے میں معاون ثابت ہوگی نگران وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج پر پیش رفت سے متعلق جائزہ رپورٹ ہر ہفتے سی ایم سیکرٹریٹ میں جمع کرائی جائے انہوں نےکہا کہ تمام منصوبوں کی پیش رفت کا ذاتی طور پر جائزہ لیتا رہوں گا