نگران وزیر اعلیٰ میر علی مردان خان ڈومکی کا صوبے بھر میں پرامن انتخابات کے انعقاد پر اطمینان کا اظہار

81
Chief Minister of Balochistan
Chief Minister of Balochistan

کوئٹہ۔ 08 فروری (اے پی پی):نگران وزیر اعلیٰ میر علی مردان خان ڈومکی نے صوبے بھر میں پرامن انتخابات کے انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام نے عام انتخابات کے جمہوری عمل میں بھرپور حصہ لیکر صاف شفاف چنائو کے ذریعے اپنے پارلیمانی نمائندوں کے انتخاب میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور اجتماعی سیاسی شعور کا ثبوت دیا بلوچستان بھر میں پولنگ کے دوران کوئی بھی غیر معمولی ناخوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا جو نگراں صوبائی حکومت اور تمام سیکورٹی اداروں کی بہتر حکمت عملی کا مظہر ہے ، صوبے میں پرامن انتخابات کے کامیاب انعقاد پر پاک فوج ، ایف سی پولیس، لیویز اور تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں کو شاباش دیتا ہوں۔

جمعرات کو چیف منسٹر سیکرٹریٹ سے جاری ایک بیان میں نگران وزیر اعلیٰ میر علی مردان خان ڈومکی کی جانب سے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا گیا کہ صوبے بھر میں عوام نے انتخابی عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جو جمہوری رویوں کی عکاسی ہے ۔ نگران وزیر اعلیٰ میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ بلوچستان میں عوام کو ہراساں کرکے انتخابی عمل سے دور رکھنے کی تمام سازشیں ناکام ہوئیں اکا دکا واقعات کے علاوہ صوبے میں مجموعی طور پر انتخابی عمل پرامن رہا اور انتخابی عمل میں عوام نے بھرپور شرکت کرکے باشعور ہونے کا عملی ثبوت دیا

میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ نگراں صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی موثر حکمت عملی سے تخریب کاری کی کئی کارروائیوں کو ناکام بنایا گیا الیکشن سے ایک روز قبل قلعہ سیف اللہ اور پشین کے افسوسناک واقعات کے علاوہ دہشت گردی کی کوئی بڑی کارروائی کامیاب نہیں ہوئی ، انتخابات کا عمل اپنے وقت پر ہی پایا تکمیل کو پہنچایا گیا اور عوام کے جانی و مالی تحفظ کے لئے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے عام انتخابات کے قومی فریضے کو بطریق احسن پورا کیا گیا ۔

میر علی مردان خان ڈومکی نے عام انتخابات کے دوران بحالی امن کیلئے سول فورسز کی معاونت کے لئے پاک فوج اور ایف سی کے کردار کو سراہتے ہوئے کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان آئی جی ایف سی نارتھ اور ساوتھ کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔