راولپنڈی۔21اکتوبر (اے پی پی):نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے رات گئے راولپنڈی رنگ روڈ پراجیکٹ کا دورہ کیا اور منصوبے کی جلد تکمیل کیلئے کمشنر راولپنڈی اور ایف ڈبلیو او کے حکام کو ضروری ہدایات دیں ، اس موقع پر نگران صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر، کمشنر راولپنڈی، آر پی او ، سی پی او، ڈپٹی کمشنر اور ایف ڈبلیو او کے حکام بھی موجود تھے
، ایف ڈبلیو او کے کرنل ندیم نے وزیر اعلیٰ کو ارتھ ورک کے کام کے بارے بریفنگ دی اور انہیں پراجیکٹ سے متعلقہ دیگر امور سے آگاہ کیا ، وزیر اعلیٰ نے خالصہ خورد اڈیالہ انٹرچینج کی سائٹ کا معائنہ کیا اور پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیا ، انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ رنگ روڈ منصوبے کی جلد تکمیل کے لیے اضافی ورک فورس لگا کر کام کی رفتار تیز کی جائے
، انہوں نے نیسپاک کو پراجیکٹ سے متعلق ڈرائنگ کا کام جلد فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہا ارتھ ورک سلو ہے اسے تیز کیا جائے اور ڈمپرز کی تعداد بڑھائی جائے ، انہوں نے کمشنر راولپنڈی کو پراجیکٹ کا باقاعدگی سے وزٹ کر کے رپورٹ بھجوانے کی ہدایت کی ۔