لاہور۔3نومبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بلوچستان کے علاقے اوماڑہ کے قریب سکیورٹی فورسز پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔وزیر اعلی محسن نقوی نے شہید فوجی جوانوں کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہدا کے خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کااظہار کیا۔ محسن نقوی نے کہاکہ پنجاب حکومت کی تمام تر ہمدردیاں شہدا کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔شہدا ہمارا فخر ہیں۔
وزیراعلی نے کہاکہ شہدا نے وطن عزیز کے امن کے لئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔شہدا کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ قوم دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لئے متحد ہے۔ مٹھی بھر دہشت گرد قوم کے پختہ عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔