نگران وزیر اعلی خیبر پختونخوا کی زیر صدارت پیڈو کے پالیسی بورڈ کا اجلاس،پن بجلی کے منصوبوں پر کام میں تیزی لانے کی ہدایت

104
Syed Arshad Hussain Shah
Syed Arshad Hussain Shah

پشاور۔ 22 نومبر (اے پی پی):نگران وزیر اعلی خیبر پختونخوا جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ کی زیر صدارت پیڈو کے پالیسی بورڈ کا اجلاس منعقدہوا،جس میں نگران صوبائی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اور نگران وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے توانائی کے علاوہ چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹری توانائی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔اس موقع پرنگران وزیر اعلی نے متعلقہ حکام کو کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ بجلی پیدا کرنے کے لئے فوری پلان ترتیب دینے کی ہدایت کی ۔

انہوں نے کہا کہ قدرت نے صوبے کو بے پناہ وسائل سے نوازا ہے ان سے بھر پور استفادہ کرنے کی ضرورت ہے، اس مقصد کے لئے محکمہ توانائی دن رات کام کرے، صوبے کو بجلی کی پیداوار میں خود کفیل بنانے کے لئے ہنگامی بنیادوں کام کرنے کی ضرورت ہے، پن بجلی کے جاری منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے، آنے والے چند مہینوں میں اس سلسلے میں نمایاں پیشرفت یقینی بنائی جائے، پن بجلی گھروں سے نہ صرف صوبے میں بجلی کی ضروریات پوری کی جا سکتی ہیں بلکہ یہاں پر صنعتوں کو بھی ترقی دی جا سکتی ہے، مقامی صنعتوں کو سستی بجلی فراہم کرکے لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع بھی پیدا کئے جا سکتے ہیں، مزید صنعتوں کو مقامی بجلی کی فراہمی کے لئے وہیلنگ ماڈل پر کام کو تیز کیا جائے۔

انہوں کہا کہ نو قائم شدہ گرڈ اینڈ ٹرانسمیشن کمپنی کو فوری طور پر فعال بنایا جائے، مذکورہ کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کی تعیناتی بلاتاخیر عمل میں لائی جائے۔اجلاس کو پیڈو کے سی ای او اور ایگزیکٹیو کمیٹی ممبران کے لئے مجوزہ سروس رولز پر بھی بریفنگ دی گئی۔مجوزہ سروس رولز کو حتمی شکل دینے کے لئے وزیراعلی کے مشیر برائے توانائی کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی جو 2 ہفتوں کے اندر مجوزہ سروس رولز کو حتمی شکل دے کر منظوری کے لئے پیش کرے گی۔