نگران وزیر اعلی پنجاب نے بادشاہی مسجد میں تبرکات مقدسہ کیلئے نئے میوزیم اور مزار اقبال کے اپ گریڈیشن پراجیکٹ کا افتتاح کر دیا

139
Mohsin Naqvi

لاہور۔25فروری (اے پی پی):نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے صوبائی وزرا کے ہمراہ بادشاہی مسجد اورمزار اقبال کا دورہ کیا۔انہوں نے بادشاہی مسجد میں تبرکات مقدسہ کیلئے نئے میوزیم اور مزار اقبال کے اپ گریڈیشن پراجیکٹ کا افتتاح کر دیا۔ انہوں نے شاہی قلعہ کی بیرونی دیوار کے ساتھ بنائے گئے لاہور فورٹ کیفے کابھی افتتاح کیا۔وزیراعلی نے تبرکات مقدسہ کیلئے بنائے جانے والے نئے میوزیم کے معیار کو سراہا اور تبرکات مقدسہ رکھنے کیلئے نئے اور خوبصورت شو کیسز کا معائنہ کیا۔ انہوں نے نئے میوزیم میں تبرکات مقدسہ کی منتقلی کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عظیم ہستیوں سے منسوب تبرکات کوبہترین جگہ پر محفوظ رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔

نئے میوزیم میں تبرکات مقدسہ کو بہترین انداز سے علیحدہ علیحدہ محفوظ رکھا جائے گا۔مزار اقبال کے بیرونی احاطے میں نئی ٹائلز اور ماربل لگانے اور اندرونی حصے کی تزئین وآرائش کا کام بھی مکمل ہو گیا۔وزیراعلی پنجاب نے مزار اقبال کی تعمیر وبحالی اور اپ گریڈیشن کے کام کا معائنہ کیا اورصوبائی وزرا کے ہمراہ مزار اقبال پر حاضری دی اورفاتحہ خوانی کی۔ محسن نقوی نے مزار اقبال پر حاضری کیلئے عقبی دروازہ استعمال کرنے کے ایس او پیزتیار کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعلی نے کہا کہ شاہی قلعہ کی بیرونی دیوار کے ساتھ لاہور فورٹ کیفے کے قیام سے سیاح لطف اندوز ہوں گے۔صوبائی وزرا ڈاکٹر جاوید اکرم،منصور قادر،عامر میر،اظفر علی ناصر، مشیر وہاب ریاض،چیف سیکرٹری،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو،چیئرمین پلاننگ اینڈ بورڈ،خطیب بادشاہی مسجد عبدالخبیر آزاد،آئی جی پولیس،والڈ سٹی اتھارٹی کے سربراہ کامران لاشاری،سیکرٹری اوقاف،سی سی پی او،کمشنر،ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔