نگران وزیر داخلہ کی ڈیرہ اسماعیل خان میں تھانہ پر دہشت گرد حملے کی مذمت

127
Gohar Ijaz
Gohar Ijaz

اسلام آباد۔5فروری (اے پی پی):نگران وزیر داخلہ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور شہریوں پر حملے کرنے والے دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں ۔ وزارت داخلہ کی جانب سے پیر کو یہاں جاری بیان میں انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں تھانہ پر دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے حملے میں دس پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ قوم کے بہادر سپوتوں نے ملک و قوم کی حفاظت کیلئے اپنی جان کا نظرانہ پیش کیا،شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں اور انکے بلند درجات کیلئے دعا گو ہیں۔ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ شہدا کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور حملے میں زخمی ہونے والے 6 جوانوں کی صحتیابی کے لیے دعا گو ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں پیش کی ہیں۔ نگراں وزیر داخلہ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور شہریوں پر حملے کرنے والے دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں،پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہے، انشاللہ اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔