نگران وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر سےفرانسیسی سفیر نکولس گیلی کی ملاقات

112
نگران وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر

راولپنڈی۔6نومبر (اے پی پی):نگران وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر سےفرانس کے سفیر نکولس گیلی نے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔وزیر دفاع نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان فرانس کے ساتھ اپنے تعلقات کو دو طرفہ اور یورپی یونین کے تناظر میں بہت اہمیت دیتا ہے۔

وزیر دفاع نے زور دیا کہ پاکستان خطے میں استحکام اور امن کے لیے پرعزم ہے اور خاص طور پر افغانستان اور بھارت کے ساتھ اپنے تعلقات پر توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان دوطرفہ دلچسپی کے تمام امور پر فرانس کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی جیسے عالمی چیلنجز سے نمٹنے میں تعاون ہمارے دوطرفہ تعلقات کا اہم حصہ ہے۔ وفاقی وزیر نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتا ہے۔ معزز مہمان نے علاقائی استحکام میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کو یقینی بنایا۔