نگران وزیر منصوبہ بندی سمیع سعید سے چین کے سفیر کی ملاقات، چینی سفیر کی سی پیک منصوبوں پر عملدرآمد کے لیے پاکستان کی کوششوں کی تعریف

105
Caretaker Planning Minister Sami Saeed
Caretaker Planning Minister Sami Saeed

اسلام آباد۔21نومبر (اے پی پی):نگران وزیر منصوبہ بندی سمیع سعید سے پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے منگل کو ملاقات کی اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک ) کے تحت جاری منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔نگران وزیر منصوبہ بندی نے چین میں گزشتہ ماہ منعقد ہونے والے تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ (بی آر آئی) فورم 2023 کے کامیاب انعقاد پر چینی سفیر کو مبارکباد دی جبکہ چینی قیادت بالخصوص صدر شی جن پنگ کے ویژن کو سراہا جنہوں نے تعاون کے آٹھ شعبوں کی نشاندہی کی۔ ملاقات میں سیکرٹری وزارت منصوبہ بندی اور پروجیکٹ ڈائریکٹر سی پیک نے بھی شرکت کی۔

فریقین نے سی پیک کے تحت جاری منصوبوں اور مستقبل کے نقطہ نظر پر پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔ فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ چین کے صدر کے 8 نکات سی پیک کے فیز II کے نفاذ میں مضبوط اثر ڈالیں گے جبکہ انہوں نے منصوبوں پر عملدرآمد میں تیزی لانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ واضح رہے کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ شروع ہو چکا ہے جبکہ دونوں دونوں ممالک سی پیک کی 10 سالہ تقریبات منا رہے ہیں جو 2023 دسمبر تک منائی جائیں گی۔

سی پیک کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں پر روشنی ڈالتے ہوئے خاص طور پر کامیاب بی آر آئی فورم کے بعد وزیر منصوبہ بندی نے چینی سفیر کو بتایا کہ وزارت منصوبہ بندی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت کا جائزہ لے رہی ہے۔ اجلاس میں ایم ایل ون ریلوے کا منصوبہ اور کراچی کریکولر ریلوے (کے سی آر) منصوبوں کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے نگران وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ یہ منصوبے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں جنہیں خصوصی توجہ دی جا رہی ہے

جبکہ نگران وزیر منصوبہ بندی نے سائنس اور ٹیکنالوجی، زراعت اور کان کنی جیسے نئے شعبوں کی اہمیت پر بھی زور دیا جن پر حکومت پاکستان خصوصی طور پر کام کر رہی ہے۔ گوادر کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے، دونوں اطراف نے اعلیٰ معیار کے پیشہ ورانہ تربیتی ادارے، ڈی سیلینیشن پلانٹ اور جدید ترین ہسپتال کے ذریعے شہر کی سماجی و اقتصادیات کو تبدیل کرنے کے لیے کلیدی مداخلتوں پر روشنی ڈالی۔

چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے سی پیک پر عملدرآمد کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ مزید برآں چینی سفیر نے وزارت منصوبہ بندی کی کاوشوں کو بھی سراہا جس نے نہ صرف سی پیک کے نفاذ میں اہم کردار ادا کیا بلکہ پاکستان کی اقتصادی اور سماجی ترقی کو فروغ دینے، پاکستان کے بنیادی ڈھانچے کو اپ گریڈ کرنے، پاکستانی عوام کی فلاح و بہبود کو بہتر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔