نگران وزیر موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ احمد عرفان اسلم نے کوپ۔ 28 سے متعلق ویب سائٹ کا افتتاح کیا

68

اسلام آباد۔22نومبر (اے پی پی):نگران وزیر موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ احمد عرفان اسلم نے موسمیاتی تبدیلیوں کے بارے میں عالمی کانفرنس، کوپ۔ 28 سے متعلق ویب سائٹ کا افتتاح کردیا۔ یہ ویب سائٹ وزارت موسمیاتی تبدیلی اور نیشنل ڈیزاسٹر رسک منیجمنٹ فنڈ (این ڈی آر ایم ایف) نے تیار کی ہے جس پر کوپ۔ 28 کے ایونٹس کو لائیو اسٹریم کیا جائے گا۔ بدھ کو یہاں وزارت موسمیاتی تبدیلی اور نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ کے زیر اہتمام پری کوپ۔ 28 تقریب میں ویب سائٹ کا افتتاح کیا گیا۔ نگران وزیر موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ احمد عرفان اسلم، متحدہ عرب امارات کے سفیر اور دیگر اعلی حکام نے تقریب میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیر نے کہا کہ دنیا کو موسمیاتی تبدیلیوں کے مسئلہ کو تسلیم کرتے ہوئے ان سے نمٹنے کیلئے بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے، آج کی تقریب بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے مسئلے کو بہت اہمیت دیتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے بارے میں عالمی کانفرنس کوپ۔ 28 میں پاکستان انرجی ٹرانزیشن کے معاملے پر زور دے گا، اس شعبے میں تعاون کو بڑھانے کیلئے بات چیت کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے مسائل سے نمٹنے کے لئے قابل تجدید توانائی کے ذرائع پر انحصار بڑھانے کی ضرورت ہے، ہمیں گلوبل کلائمیٹ فنانس مارکیٹ کے لیے اپنے وسائل کو موبلائز کرنا ہوگا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ کوپ۔ 28 سے متعلق ویب سائٹ وزارت موسمیاتی تبدیلی اور نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ نے تیار کی ہے۔ اس ویب سائٹ پر کوپ۔ 28 کے ایونٹس کو لائیو اسٹریم کیا جا ئے گا اور کانفرنس کے متعلق روزانہ کی اپ ڈیٹس شیئر کی جائیں گی۔ علاوہ ازیں این ڈی آر ایم ایف کی جانب سے کوپ 28۔ پر نیوز لیٹر کا بھی اجراء کیا۔