
اسلام آباد۔20دسمبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی کی زیر صدارت سندھی زبان کے عظیم شاعر شیخ ایاز کی 100ویں سالگرہ کی تقریب کے انعقاد کے لئے جائزہ اجلاس بدھ کو منعقد ہوا۔ اجلاس میں نگراں وفاقی وزیر ثقافت و قومی ورثہ جمال شاہ، نگران وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت مدد علی سندھی بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ شیخ ایاز جدید سندھی شاعری کے سب سے بڑے شاعر اور ادیب تھے، شیخ ایاز نے اپنی شاعری کا آغاز اردو شاعری سے کیا اور بعد میں سندھی شاعری میں اعلیٰ ترین مقام حاصل کیا۔
نگران وفاقی وزیر ثقافت و قومی ورثہ جمال شاہ نے کہا کہ شیخ ایاز نے سندھی شاعری اور ادب میں نئے رجحانات متعارف کروائے، وہ نہ صرف سندھ بلکہ برصغیر کے عظیم شاعر ہیں۔ نگران وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت مدد علی سندھی نے کہا کہ شیخ ایاز کی شاعری کے بغیر جدید سندھ کا تصور ممکن نہیں، شیخ ایاز عہد ساز شاعر تھے، ان کا شمار ان لیجنڈز میں ہوتا ہے جن کی زندگی میں ہی ان کی علمی و ادبی تخلیق پر کام کا آغاز ہو گیا تھا۔ اجلاس میں سندھی زبان کے مشہور شاعر شیخ ایاز کی ادبی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے تقریب منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
تقریب میں گورنر بلوچستان عبدالولی کاکڑ، سینیٹر مشاہد حسین سید، افتخار عارف، سلیمہ ہاشمی، سید احمد شاہ، مونس ایاز سمیت کئی ممتاز شخصیات کو مدعو کیا جائے گا۔ سندھ کے شہر شکارپور میں 1923ءمیں پیدا ہونے والے شیخ ایاز کی زندگی کے نشیب و فراز اور ان کی شاعری کے سفر کی عکاسی کرتی دستاویزی فلم بھی تقریب میں پیش کی جائے گی جبکہ تقریب میں پینل مباحثہ، مکالمے اور موسیقی کے پروگرام بھی شامل ہوں گے۔ اجلاس میں اطلاعات، قومی ورثہ اور تعلیم کی وزارتوں کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔