اسلام آباد۔9ستمبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضی سولنگی نے ہفتہ کو پاکستان میں تعینات مراکش کے سفیر محمد کرمون کو ٹیلیفون کیا اور مراکش میں ہولناک زلزلہ سے قیمتی جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے مراکش کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ مرتضی سولنگی نے کہا کہ پاکستانی قوم اور حکومت اس مشکل گھڑی میں مراکش کے زلزلہ متاثرین کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مراکش کے عوام کو اس مشکل گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑیں گے، انہیں صحت کی سہولیات سمیت ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے ہولناک زلزلہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔