اسلام آباد۔16ستمبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی کی کوششوں سے وانا سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافی ظفر وزیر کو خیبر پختونخوا حکومت کی طرف سے مفت علاج معالجے کی سہولت فراہم کر دی گئی۔
ہفتہ کو وزارت اطلاعات سے جاری بیان کے مطابق نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو صحافی ظفر وزیر کے علاج معالجہ کیلئے خط تحریر کیا تھا۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات کی درخواست پر سینئر صحافی ظفر وزیر کی ہارٹ سرجری پر آنے والے تمام اخراجات خیبر پختونخوا حکومت خود اٹھائے گی۔
واضح رہے کہ صحافی ظفر وزیر 2004ءسے قومی میڈیا کے لئے اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں اور کچھ عرصہ سے وہ دل کے عارضہ میں مبتلا ہیں۔