اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے ملک میں صاف، شفاف اور آزادانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے نگراں حکومت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نگران حکومت آئین کی پیداوار ہے، ہم آئین و قانون پر عمل درآمد کے پابند ہیں،
میڈیا کا بنیادی مقصد درست معلومات عوام تک پہنچانا ہے۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو یہاں پارلیمنٹ ہائوس میں چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات میں شفاف طرز حکمرانی اور جمہوری عمل میں اوپن ڈائیلاگ اور معلومات تک رسائی کو آسان بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ذمہ دارانہ صحافت وقت کی ضرورت ہے،
غیر جانبدارانہ اور ذمہ دارانہ صحافت سے ہی معاشرہ درست سمت لے سکتا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے جمہوریت کی بنیادی اقدار کو برقرار رکھنے کے لئے متحرک اور غیر جانبدار میڈیا منظر نامے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا شہریوں کو درست، بروقت اور غیر جانبدارانہ معلومات فراہم کر کے ان بنیادی اقدار کے محافظ کے طور پر کام کرتا ہے۔