اسلام آباد۔18جنوری (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر عمر سیف نے سوئٹزرلینڈ میں پاکستانی پروفیشنلز سے ملاقات کی۔وزارت آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن کی جانب سے جمعرات کو جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات کے دوران ڈاکٹر عمر سیف نے دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کے لیے ایک منظم فریم ورک تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے ڈیووس میں سیلز فورس پویلین کا بھی دورہ کیا اور اس بات پر تبادلہ خیال کیا کہ کس طرح پاکستان سیلز فورس کی مہارت کا مرکز بن سکتا ہے۔وفاقی وزیر ڈاکٹر عمر سیف نے ویون کے چیئرمین ترزیاولو سے بھی ملاقات کی۔ سی ای او جاز عامر ابراہیم بھی اس موقع پر موجود تھے۔
دریں اثناء نگران وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی نے ڈیووس میں بیماریوں کی نگرانی کے بارے میں سی ای پی آئی-گلوبل فنڈ-آئی کیو وی آئی اے سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ڈینگی، کووڈ اور ٹی بی سمیت بیماریوں کی نگرانی کے لیے ٹیکنالوجی کے استعمال پر پاکستان کے کام کے بارے میں بتایا۔
اس موقع پر ڈی جی افریقہ سی ڈی سی ڈاکٹر جین کاسیا، سی ای پی آئی کے سی ای او رچرڈ ہیچیٹ، گلوبل فنڈ کے سی ای او پیٹر سینڈز اور دیگر سمیت صحت عامہ کے متعدد عالمی رہنما موجود تھے۔نگران وفاقی وزیر ڈاکٹر عمر سیف نے کرپٹو پویلین کا بھی دورہ کیا۔