اسلام آباد۔6دسمبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر برائے نجکاری فواد حسن فواد سے برطانوی ہائی کمیشن کے وفد نے بدھ کو نجکاری ڈویژن میں ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے وفد کو نجکاری کی ضرورت، موجودہ صورتحال اور نجکاری کے حوالے سے حکومت کی حکمت عملی اور ترجیحات سے آگاہ کیا۔
وفاقی وزیر نے پی آئی اے سی ایل اور روزویلٹ ہوٹل کی نجکاری کے عمل میں ہونے والی حالیہ پیشرفت سے بھی آگاہ کیا۔ وفد کو بتایا گیا کہ پی آئی اے سی ایل کی تنظیم نو کی جائے گی جس سے ایوی ایشن انڈسٹری کے ممکنہ خریداروں کی دلچسپی میں اضافہ ہو گا۔ پی آئی اے سی ایل کی نجکاری سے ملک میں ہوا بازی کے کاروبار کو تقویت ملے گی جس کے لئے حکومت کی جانب سے کچھ ریگولیٹری فریم ورک کی ضرورت پڑے گی۔
ہوابازی کی صنعت کے لئے ریگولیٹری فریم ورک تیار کرنے اور عمومی نجکاری کے قواعد ضوابط کے لئے برطانوی ہائی کمیشن کے ساتھ تعاون کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور نجکاری کمیشن کی استعداد کار میں اضافہ اور باہمی تعاون کے لئے مزید آپشنز تلاش کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=417499