نگران وفاقی وزیر تعلیم مدد علی سندھی سے نجی تعلیمی اداروں کے سربراہان کی ملاقات

132
Caretaker Federal Minister of Education
Caretaker Federal Minister of Education

اسلام آباد۔9جنوری (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر تعلیم مدد علی سندھی نے تعلیمی ماحول کو فروغ دینے اور ضرورت مند طلباء کے لیے فیس میں رعایت/سکالرشپ کے دائرہ کار کو بڑھانے کے ذریعے مساوات کو بہتر بنانے پر زور دیا ہے۔ منگل کو یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے ان خیالات کا اظہار نجی تعلیمی اداروں کے سربراہان سے ملاقات میں کیا۔ وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ اوسطاً تمام نجی ادارے اپنے تمام طلباء کو 15 سے 25 فیصد کے درمیان وظائف دے رہے ہیں۔ نجی تعلیمی اداروں کے نمائندوں نے سی ایس آر کے جدید اور پائیدار طریقوں پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔

وفاقی وزیر نے سی ایس آر اقدام اور سرگرمیوں کو سراہا جو نجی تعلیمی ادارے پہلے ہی اپنا چکے ہیں، اس سے معاشرے کے کم مستفید طبقات کے بچوں کے لیے معیاری تعلیم کی فراہمی کے دروازے کھل جائیں گے۔ یہ اقدامات پاکستان کی انسانی ترقی کو بلند کرنے اور ملک کے سماجی سرمائے کو مضبوط بنانے میں اہم ہیں۔

مدد علی سندھی نے اساتذہ کی تربیت کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نہ صرف وفاق بلکہ تمام صوبوں میں بھی اس کو زیادہ اہمیت دی جانی چاہیے۔ وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ سی ڈی اے نے سکولوں کے پلاٹ نیلام کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ انہوں نے پیرا  اور وزارت کو ہدایت کی کہ وہ اس عمل میں سی ڈی اے کا ساتھ دیں۔

وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ ان کی توجہ سرکاری سکولوں کے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے اور پاکستان میں سکول نہ جانے والے بچوں کو کنٹرول کرنے پر مرکوز ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزارت تعلیم نے ہر صوبے میں 2 ماڈل سکول بنانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ مدد علی سندھی نے تمام پرائیویٹ اداروں کے مسائل کو تسلیم کیا اور اس سلسلے میں ہرممکن تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔