اسلام آباد۔25جنوری (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر داخلہ ڈاکٹر گوہر اعجازسے وفاقی سیکریٹری داخلہ آفتاب اکبر درانی، چیف کمشنر اسلام آباد انوارالحق اور آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے ملاقات کی۔ ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں شہریوں کو بہتر اور پر امن معیار زندگی کےلیے اسلام آباد پولیس اور ضلعی انتظامیہ بھرپور کردار ادا کریں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر دستیاب تمام اشیاء اتوار بازار میں بھی مہیا کی جائیں گی۔ کارخانہ دار قیمت لاگت پر اشیاء صرف مہیا کریں گے۔ ضلعی انتظامیہ نے بریفنگ میں بتایا کہ اسلام آباد میں 3 روز لگائے جانے والے سستے بازار 5 دن لگانے پر غور کیا جارہا ہے جس پر نگران وزیر داخلہ نے انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ اسلام آباد میں مزید سستے بازار قائم کرے ۔
انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں صحت کی سہولیات جلد از جلد بہتر بنانے کی منصوبہ بندی جاری ہے ۔وزیر داخلہ نے کہا کہ تمام تھانہ جات کی تعمیر اور تزئین و آرائش جلد مکمل کی جائے تاکہ شہریوں کو بہتر ماحول اور انصاف کی فراہمی ممکن بنائی جاسکے۔