نگران وفاقی وزیر مواصلات شاہد اشرف تارڑ کا مسافر بس میں آتشزدگی میں قیمتی جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس

189
شاہد اشرف تارڑ
شاہد اشرف تارڑ

اسلام آباد۔20اگست (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر مواصلات شاہد اشرف تارڑ نے فیصل آباد‘ملتان موٹروے ایم فور پر مسافر بس میں آتشزدگی کے اس اندوہناک حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصان پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔وفاقی وزیر نے حادثہ میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کے لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور واقعہ کی فوری انکوائری کا حکم دے دیا۔ انہوں نے اتوار کی شام تک ابتدائی رپورٹ جمع کرانے کی سختی سے ہدایت بھی کی ہے۔

ترجمان این ایچ اے کی طرف سے جاری بیان کے مطابق نگران وفاقی وزیر نے کہا کہ ایسے حادثات سے بچنے کے لیے پہلے بھی متعدد اقدامات کئے جا چکے ہیں، موٹروے پولیس کو ان اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ شاہد اشرف تارڑ نے کہا کہ تفصیلی انکوائری رپورٹ آنے کے بعد ان اقدامات میں مزید بہتری لائی جا سکے گی۔

سانحہ کی اطلاع ملنے کے فورا بعد وفاقی وزیر نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پنڈی بھٹیاں اور جائے حادثہ کا دورہ کیا اور زخمیوں کی عیادت کی۔ انہوں نے زخمیوں کو ہر ممکن علاج معالجہ کی سہولیات کی فراہمی کی بھی ہدیات کی۔ترجمان این ایچ اے کے مطابق این ایچ اے انتظامیہ اور ریسکیو عملہ نے حادثہ کے بعد سڑک کو ٹریفک کے لئے کھول دیا ہے۔