کراچی۔ 08 ستمبر (اے پی پی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ کاروباری برادری کے مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہیں ، عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں ، عوامی مسائل کا حل اولین ترجیح ہے ، نگراں وزیر اعظم سے کراچی پر توجہ دینے کا کہا ہے ، کراچی کے علاوہ ملک کے دیگر شہروں میں ترقی ہورہی ہے ، نگراں حکومت کے اقدامات سے معاشی صورتحال میں بہتری آرہی ہے، آئندہ چند دنوں میں ڈالر کی قیمت بتدریج نیچے آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو گورنر ہائوس میں کراچی کے صنعت کاروں اور تاجروں کے اعزاز میں ظہرانے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے چیئرمین زبیر موتی والا بھی اس موقع پر موجود تھے۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ صنعت کاروں اور تاجروں کا اعتماد بحال ہوگا تو معاشی سرگرمیاں فروغ پائیں گی ، آرمی چیف سے ملاقات کے بعد تاجروں کا اعتماد بحال ہورہا ہے، آرمی چیف اور مسلح افواج سرحدی دہشت گردی کے ساتھ ساتھ معاشی دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لئے بھی تیار ہیں،یہ معاشی دہشت گردی مسلط کی گئی ہے جس کا مقابلہ ہم مل کر کریں گے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ میں کاروباری برادری کے ساتھ کھڑا رہوں گا ، ملک کی معیشت اب مضبوط ہونے جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی اے ایک ایسا ادارہ بن چکا ہے جس میں نقصان کے علاوہ کچھ نہیں ،
اس لیے اس کی نجکاری کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سرمایہ کاری آجاتی تو ہماری معیشت بہتر ہوتی، نگراں وزیر اعظم سے کہا کہ کراچی پر توجہ دیں ، پیر کو یقین دہانیوں کے فالو اپ کے لیے اسلام آباد جاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کا مسئلہ حل کرنے کے لئے سفارتکاروں سے بات ہوسکتی ہے ، امید ہے نگراں وزیر اعظم 300 یونٹس تک کا ریلیف دیں گے، آئی ایم ایف کی شرائط کے باوجود ریلیف حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کا حب کراچی ہے ،
اس لیے وفاقی وزراکو بھی یہاں نظر آنا چاہیے ، وفاقی وزرادس دن میں ایک بار کراچی کا دورہ کریں۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ بہت ہوگیا اب مافیاز کو پنپنے نہیں دیں گے ، مافیاسسٹم نہیں چلے گا ، اس شہر اور صوبے میں جتنی مافیاز ہیں ان کے خلاف کریک ڈاؤ ن ضروری ہے ۔ آئی ٹی کورسز کے حوالے سے سوال پر گورنر سندھ نے کہا کہ ہم جو کام کر کے جائیں گے آنے والے کے لیے اسے بند کرنا مشکل ہوگا ، آئی ٹی کورسز جاری رہیں گے اس کے لیے تیاریاں کی جارہی ہیں۔ بعد ازاں گورنر سندھ نے تاجروں اور صحافیوں کو آئی ٹی کورسز کے لئے کلاسز کی جگہ کا دورہ بھی کرایا اور انہیں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ بعد ازاں تاجر برادری کے وفد نے گورنر سندھ کے ہمراہ امید کی گھنٹی اور طاقتور پاکستان کے تحت راشن کی تقسیم کا بھی جائزہ لیا۔