نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ اور سری لنکا کے صدر رانیل وکرما سنگھے کی ملاقات ،سری لنکا کے ساتھ خطے کے وسیع تر مفاد میں غربت کے خاتمے اور معاشی ترقی و خوشحالی کیلئے تعاون جاری رکھنے ، امن و استحکام اور روابط کے فروغ کیلئے تعاون بڑھانے پر زور

132

بیجنگ۔17اکتوبر (اے پی پی):نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے سری لنکا کے ساتھ خطے کے وسیع تر مفاد میں غربت کے خاتمے اور معاشی ترقی و خوشحالی کیلئے تعاون جاری رکھنے ، امن و استحکام اور روابط کے فروغ کیلئے تعاون بڑھانے پر زور دیا ہے جبکہ پاکستان اور سری لنکا نے غزہ میں فلسطینیوں کو اسرائیلی حملوں کی وجہ سے درپیش مشکلات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ اور سری لنکا کے صدر رانیل وکرما سنگھے کی یہاں ملاقات ہوئی۔نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور صدر رانیل وکرما سنگھے نے پاکستان اور سری لنکا کے مابین موجود مضبوط تعلقات اور دونوں ممالک کے عوام کی آپس میں ہم آہنگی کو خوش آئند قرار دیا۔ وزیراعظم نے خطے کے وسیع تر مفاد میں غربت کے خاتمے اور معاشی ترقی و خوشحالی کیلئے تعاون جاری رکھنے پر زور دیا۔

وزیراعظم نے امن و استحکام اور روابط کے فروغ کیلئے تعاون بڑھانے پر بھی زور دیا۔ دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور سری لنکا کو درپیش ایک جیسے معاشی چیلنجز کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔ انہوں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے حکام اس حوالے سے ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کریں گے جس میں خسارے کا شکار سرکاری اداوں کی نجکاری سر فہرست ہے۔ سری لنکا کے صدر نے وزیراعظم کا پاکستانی حکومت و عوام کی جانب سے سری لنکا کی عوام کیلئے نیک خواہشات پر شکریہ ادا کیا۔ دونوں راہنماؤں نے پاکستان اور سری لنکا کے مابین موجود دیرینہ تعلقات کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔

ملاقات کے دوران دونوں راہنماؤں نے غزہ میں فلسطینیوں کو اسرائیلی حملوں کی وجہ سے درپیش مشکلات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے فوری طور پر اسرائیلی جارحیت کے خاتمے، غزہ میں محصور لوگوں تک انسانی مدد پہنچانے کیلئے راہداری کے قیام اور دو ریاستی حل جس کے تحت 1967 میں تفویض کردہ سرحدوں کے ساتھ ایک فلسطینی ریاست جس کا دارالخلافہ القدس شریف ہو، کے قیام کا مطالبہ کیا۔