نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے ایرانی سفیر کی ملاقات

112

اسلام آباد۔1ستمبر (اے پی پی):نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مغدم نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات پر زور دیتے ہوئے نگراں وزیراعظم نے ان تعلقات کو مزید مضبوط اور گہرا کرنے کے لئے پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے دونوں ممالک کے مابین اقتصادی اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ نگراں وزیر اعظم نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ مند پشین سرحدی بازار کا حالیہ افتتاح نہ صرف سرحدی علاقوں کی معاشی ترقی میں معاون ثابت ہو گا بلکہ دونوں ممالک کے لوگوں کی بہتری کے لئے کام کرنے کے اجتماعی عزم کا مظہر بھی ثابت ہو گا۔

ایرانی صدر کی ‘پڑوسی سب سے پہلے’ کی پالیسی کے حوالہ سے نگراں وزیر اعظم نے کہا کہ ایرانی صدر کی یہ پالیسی علاقائی ترقی اور روابط کے لئے پاکستان کے وژن سے پوری طرح ہم آہنگ ہے۔ نگراں وزیر اعظم نے دونوں ممالک کے لئے اپنے منفرد جغرافیائی محل وقوع سے فائدہ اٹھانے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ زیادہ سے زیادہ تجارت کے ذریعے علاقائی امن، روابط اور خوشحالی کے مشترکہ مقاصد کو فروغ دیا جا سکے۔

ایرانی سفیر نے اس موقع پر کہا کہ ایران دوطرفہ تعلقات بالخصوص معیشت، توانائی اور سلامتی کے شعبوں میں حالیہ مثبت سمت کو آگے بڑھانے کا خواہاں ہے۔