اسلام آباد۔25اگست (اے پی پی):نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ کراچی پاکستان کی صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کا مرکز ہے اور پاکستان کی معاشی ترقی میں کراچی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے مئیر کراچی مرتضیٰ وہاب نے ملاقات کی۔ ملاقات میں مئیر کراچی نے وزیراعظم کو کراچی کے انتظامی امور کے حوالے سے بریفنگ دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ کراچی پاکستان کی صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کا مرکز ہے اور پاکستان کی معاشی ترقی میں کراچی انتہائی اہمیت کا حامل ہے، کراچی کے مسائل کے پائیدار حل کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتیں کراچی کی بلدیہ عظمیٰ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ بطور نگراں وزیراعظم میرا پہلا سرکاری دورہ کراچی کا تھا اور اس دورے میں کراچی کی صنعتی اور تاجر برادری سے ملاقات اور ان کو سہولت فراہم کرنے کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرنا میری اولین ترجیح تھی۔