نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کی ملاقات

159
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ

اسلام آباد۔24اگست (اے پی پی):نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نےکہا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق استصوابِ رائے سے مسئلہ کشمیر کے حل ہونے تک کشمیریوں کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی مدد جاری رکھے گا ۔

جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے وزیراعظم آزاد ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر نے انوار الحق کاکڑ کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ نگراں وزیراعظم نے چوہدری انوار الحق کو پاکستان کی جانب سے کشمیر کے لئے غیر مشروط حمایت کا یقین دلایا،

کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حصول کی جد وجہد میں ہم ان کے شانہ بہ شانہ کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی مدد تب تک جاری رکھے گا جب تک اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق استصوابِ رائے سے نہیں ہوجاتا۔