اسلام آباد۔20اکتوبر (اے پی پی):نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ چین کا دورہ مکمل کرکے جمعہ کو اسلام آباد پہنچ گئے۔ دورے کے دوران وزیراعظم نے چین کے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے تیسرے فورم میں پاکستانی وفد کی قیادت کی۔
جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق دورے کے دوران وزیراعظم نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ، چینی اور روسی صدور، چین کے وزیراعظم و کمیونسٹ پارٹی کے عہدیداران اور دیگر ممالک کے رہنمائوں سے ملاقاتیں کیں۔ وزیراعظم نے ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے چینی کارباری شخصیات اور سرمایہ کاروں سے بھی ملاقاتیں کیں۔
بعدازاں وزیراعظم نے چین کے شہر ارومچی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ارومچی کی سیاسی قیادت، کاروباری شخصیات اور ارومچی میں زیرتعلیم پاکستانی طلباء سے ملاقات کی۔