پشاور۔13اکتوبر (اے پی پی):نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ہنگو دہشت گرد حملے میں دہشت گردوں کا جوانمردی سے مقابلہ کرنے والے خیبر پختونخوا پولیس کے سپاہی عمر سعید کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری پولیس ملک دشمن عناصر کی مذموم کوششوں کو ناکام کرنے کے لئے ہر دم تیار ہے۔
جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے ہنگو حملے کے دوران فائرنگ کا مقابلہ کرنے والے صوابی سے تعلق رکھنے والے جوان کو بہادری پر شاباش دی۔وزیراعظم نے حوصلہ افزائی کے طور پر عمر سعید کو پانچ لاکھ کا انعام بھی دیا۔
انہوں نے کہا کہ عمر سعید جیسے بہادر جوان ہماری قوم کی ایک آہنی دیوار کی مانند حفاظت کر رہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ ہماری پولیس ملک دشمن عناصر کی مذموم کوششوں کو ناکام کرنے کے لئے ہر دم تیار ہے،ہماری پولیس نے مشکل ترین حالات میں بھی ہر موقع پر ملک دشمن عناصر کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کا کام کیا۔