کوئٹہ۔10اکتوبر (اے پی پی):نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے امن و ترقی کو یقینی بنانے کیلئے صوبے کی سماجی و اقتصادی ترقی ناگزیر ہے، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے اقدامات سے بھرپور انداز میں مستفید ہونے کیلئے تمام متعلقہ محکموں کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔ منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کے ہمراہ کوئٹہ کا دورہ کیا اور صوبائی ایپکس کمیٹی کے 14 ویں اجلاس میں خصوصی شرکت کی جس میں وزیراعلیٰ بلوچستان علی مردان خان ڈومکی بھی موجود تھے۔
ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے دوران شرکاء کو نظرثانی شدہ نیشنل ایکشن پلان، لاء انفورسمنٹ آپریشن، سمگلنگ اور منشیات کے خلاف بلوچستان میں آپریشنز ، سی پیک اور نان سی پیک یا پرائیویٹ منصوبوں میں کام کرنے والے غیر ملکیوں کی سکیورٹی، غیر قانونی غیر ملکیوں کی ان کے اپنے وطن واپسی، فارن کرنسی کو باقاعدہ بنانے کے حوالے سے اقدامات اور بلوچستان میں ایس آئی ایف سی کے اقدامات پر پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے بلوچستان حکومت کی جانب سے پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے زور دیا کہ صوبے کے امن و ترقی کو یقینی بنانے کیلئے بلوچستان کی سماجی و اقتصادی ترقی ناگزیر ہے۔ چیف آف آرمی سٹاف نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ فوج قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر سرکاری محکموں کے ساتھ مل کر غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیوں کیلئے پوری طاقت کے ساتھ مکمل تعاون فراہم کرے گی تاکہ وسائل کی لوٹ مار اور ان سرگرمیوں کی وجہ سے ملک کو ہونے والے معاشی نقصانات کو روکا جا سکے۔
وزیراعظم نے کہا کہ وفاق کی سطح پر ایس آئی ایف سی کے تحت اٹھائے گئے اقدامات کا ہر صوبے کے لوگوں پر اثر ہونا چاہئے، بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور کان کنی اور معدنیات کے شعبہ میں ترقی سے علاقہ کے لوگوں کیلئے معاشی سرگرمیاں اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی وسائل کی ترقی کے علاوہ زراعت اور آئی ٹی میں سرمایہ کاری پر بھی توجہ مرکوز کی جانی چاہئے ۔وزیراعظم نے کہا کہ ان اقدامات سے بھرپور انداز میں مستفید ہونے کیلئے تمام متعلقہ محکموں کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔
شرکاء نے اس عزم کا اعاد ہ کیا کہ ریاستی ادارے بمعہ سرکاری محکمے اور عوام صوبے کی ترقی و خوشحالی کیلئے متحد ہیں۔ قبل ازیں وزیراعظم اور آرمی چیف کا کوئٹہ پہنچنے پر نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان اور بلوچستان کور کمانڈر نے استقبال کیا۔ اجلاس میں چیف آف آرمی سٹاف، نگراں وزیراعلی بلوچستان، نگراں وزیر داخلہ، نگراں صوبائی کابینہ کے اراکین اور عسکری اداروں کے اعلی حکام نے بھی شرکت کی۔